<
Breaking News Pakistan - بریکنگ نیوز پاکستان
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

حمزہ کی ضمانت میں8مئی تک توسیع،مبینہ اہلیہ عائشہ احد سمیت منگل کو نیب طلب

لاہور(نامہ نگار خصوصی،اپنے نیوز رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے صاف پانی، رمضان شوگر ملز اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیسز میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع کرتے ریمارکس دیئے ہیں بادی النظر میں نیب کا کیس فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کے خفیہ لیٹر پر کھڑا ہے ، عدالت نے نیب کے وکیل کو خفیہ لیٹر، حمزہ شہباز کیخلاف شکایت اور انکوائری کی دستاویزات فراہمی کیلئے ہدایات لیکر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی درخواستوں پر سماعت کی، حمزہ شہباز اپنے وکلاء کی ٹیم سمیت عدالت میں پیش ہوئے ،دوران سماعت رفیق رجوانہ، سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے ۔ سلمان اسلم بٹ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتاری کی وجوہات نہیں بتائی گئیں جبکہ بہت ساری دستاویزات کا ذکر تو کیا گیا ہے مگر وہ موجود نہیں۔نیب کے وکیل نے کہا ایف ایم یو کا 18 جنوری 2018 کا لیٹر خفیہ ہے ، اگر عدالت کہے تو بنچ کو جمع کرا سکتے ہیں، سلمان بٹ ایڈووکیٹ نے کہا دلائل شروع کرنے سے پہلے مجھے گرفتاری کی وجوہات دی جائیں اور ایف ایم یو کا لیٹر خفیہ ہو ہی نہیں سکتا۔ نیب کے وکیل نے کہا عدالتی حکم کے تحت حمزہ شہباز کو تمام تفصیلات فراہم کی جا چکی ہیں۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا گرفتاری کی وجوہات، انکوائری مارک ہونے کا لیٹر، تفتیش مارک ہونے کا لیٹر فراہم نہیں کیا گیا۔ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 34 تھرڈ پارٹی سے متعلق ہے ، تمام رقم میری ہے اور میرے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی، اگر یہ اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت آتے ہیں تو نیب حمزہ شہباز کو گرفتار نہیں کر سکتا۔نیب کے وکیل نے کہا ایف ایم یو نے ہمیں بتایا کہ حمزہ کے اکائونٹس سے مشکوک ترسیلات ہوئیں اور شہباز شریف خاندان نے 9 یونٹ بنائے جبکہ رقم کی جو مشکوک ترسیلات ہوئیں نیب انکی تحقیقات کر سکتا ہے ، بطور تحقیقاتی ایجنسی ہم ایف ایم یو کے لیٹر کو تفتیش کا حصہ بنائیں گے تا ہم ابھی نیب ثبوت اکٹھے کر رہا ہے اور آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس اسی لیٹر پر منحصر ہے ۔ ایف ایم یو کا لیٹر ابھی نہیں دے سکتے ، حمزہ شہبازاگر شامل تفتیش ہو جائیں تو وہ ان دستاویزات کو دیکھ سکتے ہیں، گرفتاری کے فورا بعد ملزم کو وجوہات دے دی جاتی ہیں۔دوسری جانب نیب لاہور نے حمزہ شہباز اور عائشہ احد کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کرلیا۔نیب لاہور نے حمزہ شہباز کو 30 اپریل کو دوپہر تین بجے طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے ،نیب کی 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ان سے پوچھ گچھ کرے گی۔عائشہ احد کو تین مئی کو دوپہر 12 بجے طلب کیا گیا ہے ۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More