اسلام آباد (ماہتاب بشیر) وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں قائم کچی آبادیوں کے رہائشیوں کیلئے سی ڈی اے کے نئے ماسٹر پلان کے تحت 5136 مکان تعمیر کرنے کا فیصلہ، ابتدائی طور پر دسمبر 1995تک سی ڈی اے کی تسلیم شدہ کچی بستیوں کے مکینوں کو رہائش گاہ فراہم کی جائے گی۔ روزنامہ دنیا کو دستیاب سی ڈی اے ٹائون پلانر روش علی شاہ کے بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سیکٹر جی سیون ون، جی سیون ٹو، جی سیون تھری، ایف سیون فور، ایف سکس ٹو، مسلم کالونی، حق باہو، ڈھوک نجو، عیسیٰ نگری اور جی ایٹ ون کی کچی بستیاں شامل ہیں۔ ان 10کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو 3مراحل میں بہتر رہائش گاہیں فراہم کی جائیں گی۔ مختلف وفاقی حکومتوں نے جی ایٹ ون کی کچی آبادی کیلئے 575پلاٹوں کی فراہمی، آئی نائن ون، آئی ٹین فور اور آئی الیون فور کی کچی آبادیوں کیلئے فراش ٹائون میں متبادل 1065پلاٹوں کی فراہمی، جی سیون ون، ٹو ، تھری ، فور اور ایف سیون فور کی کچی بستیوں کیلئے فراش ٹائون میں 1208پلاٹس اور کچی آبادیوں میں 1300پلاٹس تعمیر کرنے کے فیصلے کئے تھے لیکن تا حال اقدامات نہیں ہوسکے ۔ جن کچی بستیوں میں تعمیرات کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں کچی بستی حق باہو میں 243، ڈھوک نجو میں 182، جی ایٹ ون میں 575، مسلم کالونی میں 993، عیسیٰ نگری میں 213، جی سیون ون میں 208، جی سیون ٹو میں 475، جی سیون تھری میں 98، ایف سیون فور میں 418 تعمیرات ہونگی جبکہ ایف سکس ٹو کی کچی بستی میں تعمیرات کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ماڈل اربن شیلٹر پرا جیکٹ کے تحت کچی آبادی مسلم ٹائون ، عیسیٰ نگری ، ڈھوک نجو اور حق باہو کے 1631مکینوں کو فراش ٹائون میں متبادل رہائش گاہ فراہم کی جائے گی۔ سی ڈی اے یہاں 1231پلاٹس فراہم کر چکا ہے اور یہ عمل جاری ہے ۔
اسلام آباد ماسٹر پلان کچی آبادی مکینوں کے لئے 5136 مکان بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد ماسٹر پلان کچی آبادی
