اسلام آباد(خبرنگار) ملک بھر میں قائم کی گئی ماڈل کورٹس نے چار ماہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے 13اضلاع میں قتل اور منشیات کے تمام مقدمات کے فیصلے سنا دیئے گئے ہیں ۔ ہفتہ کو ملک بھرکی ماڈل کورٹس کی4ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی ہے ۔ڈائریکٹرجنرل مانیٹرنگ سیل فاضل جج سہیل ناصرکی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق چار ماہ میں مجموعی طورپرقتل اورمنشیات کے12261 ریکارڈ کیسوں کا فیصلہ سنایا گیا،جبکہ 54138 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا ہے کہ 96 ماڈل سول اپیلیٹ کورٹس نے 5001 مقدمات بھی نمٹائے ہیں جن میں1803 سول اپیلیں بھی شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق 1499دیوانی اپیلیں ، 1561فیملی اپیل ،138 رینٹ اپیلوںکے فیصلے سنائے گئے ہیںجبکہ ماڈل ٹرائل مجسٹریٹ کورٹ میں 3127 مقدمات کے فیصلے ہوئے،رپورٹ کے مطابق چاروں صوبوں کے13 اضلاع میں قتل اور منشیات کے تمام مقدمات کے فیصلے سنا دیئے گئے ہیں،یاد رہے کہ ماڈل ، سول اپیلیٹ کورٹس کی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کو بھیجی جاتی ہے۔
ماڈل کورٹس کی چار ماہ میں شاندار کارکردگی
اضلاع میں قتل اور منشیات کے تمام مقدمات کے فیصلے سنا دیئے گئے
