سری نگر(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر کےعلاقے پلوامہ میں بھارتی فوج کے تشدد سے شدید زخمی نوجوان یاور احمد بٹ شہید ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق پلواما کے علاقے چندگام سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ یاور بٹ کو دوران حراست بھارتی فوج نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں سری نگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے شہید گئے۔
یاور بٹ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے پر بھارتی فوج نے کیمپ میں دوران حراست تشدد کیا تھا اور انہیں اگلے دن پھر کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم تشویش ناک حالت پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے آخری سانسیں لیں۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے چندگام میں رات گئے چھاپے مار کر کئی نوجوانوں کے شناختی کارڈ چوری کرلیے تھے اور انہیں کہا گیا تھا کہ قریبی فوجی کیمپ میں رپورٹ کریں جہاں ان پر بری طرح تشدد کیا جاتا ہے اور یاور بٹ بھی انہی میں سے ایک تھے۔