بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، خطے میں قیام امن اور اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین سدا بہار شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
چین کے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر خارجہ اور دیگر وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے بعد معاشی و اقتصادی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان سے چینی سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے تبادلہ خیال کیا۔